ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ہم پورے ملک کو اتحاد اور بھائی چارہ کا پیغام دینے کیلئے نکلے ہیں : راہل گاندھی

ہم پورے ملک کو اتحاد اور بھائی چارہ کا پیغام دینے کیلئے نکلے ہیں : راہل گاندھی

Mon, 14 Nov 2022 13:16:03    S.O. News Service

ہنگولی ، 14؍نومبر (ایس او نیوز؍ایجنسی) کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی  نے مراٹھواڑہ کے ضلع ہنگولی میں کلم نوری تعلقہ میں جلسۂ عام سے خطاب کرتے ہوئے بھارت جوڑو یاترا کے مقاصد کا ایک بار پھر تذکرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ یاترا ہم نے کنیاکماری سے شروع کی اور یہ سری نگر تک جائے گی۔ یہ جو ترنگا ہے، اس کو ہم سری نگر میں جا کر لہرائیں گے اور پیغام دیں گے کہ اس ملک کو تقسیم نہیں کیا جا سکتا۔ اس ملک میں نفرت نہیں پھیلائی جا سکتی۔ اس ملک میں تشدد نہیں پھیلایا جاسکتا۔ ہم اتحاد کا پیغام لے کر نکلے ہیں ، ہم بھائی چارہ کا پیغام دے رہے ہیں، یہی اس یاترا کا مقصد ہے۔   راہل گاندھی جو اس یاترا کے دوران مسلسل پیدل چل رہے ہیں اور عوام سے ملاقاتیں کررہے ہیں ، نے مزید کہا کہ کئی لوگوں نے پوچھا کہ یاترا کی کیا ضرورت ہے؟ جس طرح آج کل لوگ سیدھا ہیلی کاپٹر سے کنیاکماری چلے جاتے ہیں، ادھر ایک تقریر کر لیتے ہیں، جس طرح وزیر اعظم کرتے ہیں اور پھر سیدھا کنیاکماری سے ہوائی جہاز  میں سری نگر میں جا کر وہاں جھنڈا لہرا کر کہہ دیتے کہ بھارت جوڑولیکن ہم ایسا نہیں کریں گے۔ اس سے فائدہ نہیں ہوتا۔ ایسا اس لیے کیونکہ سڑکوں پر موجود عوام کی بات ٹھیک طرح سامنے نہیں آپاتی۔  راہل کے مطابق میں نے کچھ دن پہلے اپنی تقریر میں مزاحاً بتایا تھا کہ کس طرح عوامی ایشوز اٹھانے پر لوک سبھا میں مائک آف ہو جاتا ہے۔ پریس کے ہمارے دوست بھی مدد نہیں کر پا رہے۔ یعنی پارلیمنٹ سے آواز اٹھانے کا بھی راستہ بند، اور میڈیا کا بھی راستہ بند۔راہل کے مطابق عوام کی آواز اٹھانے کے سبھی راستے ہمارے سامنے بند ہیں۔ صرف ایک ہی راستہ بچا ہےیعنی جس سڑک پر عوام چلتے ہیں اسی سڑک پر کانگریس پارٹی چلے۔ کنیاکماری سے کشمیر تک چلے اور عوام کی آواز سنے اور عوام کو اپنی بات بتائے۔ اسی  لئے ہم نے بھارت جوڑو یاترا شروع کی ہے۔ راہل گاندھی نے مزید کہا کہ  مودی حکومت کے اقتدار میں آنے کے بعد سے پچھلے آٹھ سال میں کسانوں، مزدوروں اور محنت کش طبقے کو بے پناہ نقصان اٹھانا پڑا ہے۔روزگارنہیں مل رہا ہے، مزدوروں کے پاس کوئی کام نہیں ہے، کسان دیوالیہ ہونے لگے ہیں۔فصل بیمہ نہیں دیا جارہا ہے اور ایسی کئی پریشانیاں ہیں جنہیں ہم جاننے کی کوشش کررہے ہیں۔


Share: